پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں پیپلز پارٹی نے شرکت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق اجلاس میں اہم قانون سازی متوقع ہے، جس کے باعث سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مشترکہ اجلاس میں قانون سازی کے معاملات پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی پیپلز پارٹی ایک مؤقف پر نہیں تھیں، تاہم اب باہمی مشاورت کے بعد معاملات طے پا گئے ہیں۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی اور دیگر رہنماؤں کے درمیان مشاورت کے نتیجے میں اتفاق رائے پیدا کیا گیا۔ اسی سلسلے میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر شیری رحمان کے چیمبر میں بھی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو دانش اسکولز سمیت متعدد بلز پر تحفظات ہیں، جن پر اجلاس کے دوران بات کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی بھی مجوزہ قوانین پر مشاورت کے لیے رانا ثناء اللہ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔