کراچی کے ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں جاری سرچ آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے اور اب اسے حتمی مرحلے تک پہنچایا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی جنوبی نے بتایا کہ آج ٹیکنیکل ٹیم آخری مرتبہ عمارت کے اندر جائے گی، جس کے بعد گل پلازہ کو باقاعدہ طور پر سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی کسی شہری کا عزیز لاپتا ہے تو وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکتا ہے تاکہ معاملے کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکے۔
جاوید نبی کھوسو کے مطابق مجموعی طور پر 79 لاپتا افراد کی فہرست تیار کی گئی تھی، تاہم ان میں سے 13 افراد کے ورثا نے تاحال ڈی این اے سیمپلز فراہم نہیں کیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 30 لاشوں کا مکمل ڈیٹا حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل شروع کیا جا سکے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا ہے کہ سانحے میں غفلت اور لاپرواہی کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آگ لگنے کے بعد عمارت کے دروازے کیوں نہیں کھولے گئے اور آیا اس میں کسی کی مجرمانہ کوتاہی شامل تھی یا نہیں۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے 73 افراد میں سے اب تک 23 کی شناخت ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ کراچی میں 17 جنوری کی شب گل پلازہ میں لگنے والی آگ نے پوری عمارت کو شدید نقصان پہنچایا تھا اور یہ سانحہ شہر کی حالیہ تاریخ کے المناک واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔