گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے دورۂ اسکاٹ لینڈ کے دوران پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں پاکستانی کمیونٹی کے منتخب اور نمایاں رہنماؤں سے خطاب کیا۔
اس موقع پر اسکاٹ لینڈ میں قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے گورنر پنجاب کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اسکاٹ لینڈ میں زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ملک و قوم کا نام روشن کر رہی ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل تفصیل سے سنے اور کہا کہ حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زمینوں پر قبضوں، ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے فراڈ اور اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ملک میں امن و امان کی صورتحال مثالی نہیں، تاہم یہ ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا سفر جاری ہے اور ان شاء اللہ یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ گورنر پنجاب کے مطابق بھارت کے ساتھ جنگ میں کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے اور اس کی دفاعی صلاحیت کسی بھی خطے تک رسائی رکھتی ہے۔
گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان عوام ہی کا حصہ ہیں اور ملکی استحکام کے لیے عوام کو اپنی افواج کی بھرپور حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط افواج ہی ایک مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی اسکاٹ لینڈ آمد پر ایئرپورٹ پر قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید سمیت ممتاز سیاسی اور سماجی شخصیات چوہدری اسلم اور چوہدری ندیم نے ان کا استقبال کیا۔