کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جس کا افسوسناک واقعہ شہر کے علاقے بھینس کالونی میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کے والد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بیٹی اور داماد پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں میاں بیوی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول میاں بیوی نے تقریباً ایک ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کا تعلق ضلع ٹھٹھہ سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور کارروائی کا آغاز کیا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سکھن پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جنہیں تکنیکی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ذاتی رنجش کی بنیاد پر فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ قتل اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔