پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں شاہد خان آفریدی نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردانہ حملوں کے بعد اب اسلام آباد میں بھی دہشتگردوں نے اپنی وحشیانہ کارروائی کے ذریعے معصوم اور نہتے شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنایا ہے، جو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کی یہ لہر روز بروز شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، اور یہ سوال پیدا ہو چکا ہے کہ اس تسلسل کو آخر کب تک برداشت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم صرف مذمتی بیانات اور سوشل میڈیا ٹوئٹس تک ہی محدود رہیں گے یا عملی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
سابق کپتان نے مطالبہ کیا کہ بیرونی مداخلت کے جن ثبوتوں کا بار بار ذکر کیا جاتا ہے، انہیں قوم کے سامنے لایا جائے اور عوام کو اعتماد میں لے کر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے۔