چین کے شہر شنگھائی میں اچانک زمین پھٹنے کے باعث ایک مصروف سڑک کا بڑا حصہ زمین میں دھنس گیا، جس کے نتیجے میں موقع پر ایک گہرا اور وسیع گڑھا بن گیا اور ٹریفک کی روانی فوری طور پر متاثر ہو گئی۔
اس ہولناک منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ زمین پھٹنے کے چند ہی لمحوں بعد سڑک کا ایک بڑا حصہ تیزی سے نیچے کی جانب دھنس گیا اور وہاں موجود سطح مکمل طور پر بیٹھ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر 12 فروری کی صبح شنگھائی کے منہانگ ڈسٹرکٹ میں کیکسن روڈ اور لیان روڈ کے چوراہے پر پیش آیا، جہاں اس وقت معمول کے مطابق آمدورفت جاری تھی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ کیکسن روڈ اسٹیشن پر نئی جیامن میٹرو لائن کے لیے جاری شیلڈ ٹنلنگ کے دوران پانی کے بہاؤ کے باعث پیش آیا، جس سے زمین کی مضبوطی متاثر ہوئی اور سڑک بیٹھ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چائنا ریلوے ٹنل گروپ کے ٹھیکیدار اس مقام پر تعمیراتی کام میں مصروف تھے، تاہم واقعے کی وجوہات کا حتمی تعین متعلقہ تحقیقات کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
حکام نے واقعے کے فوراً بعد کیکسن روڈ اور لیان روڈ کے چوراہے کی جانب آنے والے تمام راستے بند کر دیے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے اور مرمتی کام شروع کیا جا سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ملی، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور صورتحال کی نگرانی جاری ہے۔