منی لانڈرنگ کیس میں قید بھارتی شہری سوکیش چندر شیکھر نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 30 کروڑ روپے مالیت کا لگژری ہیلی کاپٹر تحفے میں دینے کا دعویٰ کیا ہے، جس نے سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوکیش چندر شیکھر اس وقت 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں قید ہیں، تاہم انہوں نے جیل سے اداکارہ کے نام ایک محبت نامہ تحریر کیا جس میں قیمتی تحفے کا ذکر کیا گیا۔ خط میں انہوں نے جیکولین فرنینڈس کو ’’بیبی بوما‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور اپنے مبینہ تعلق کا ایک بار پھر اظہار کیا۔
سوکیش نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جیکولین فرنینڈس کے لیے ایئربس ایچ سیریز کا ایک لگژری ہیلی کاپٹر خریدا ہے جس کی مالیت تقریباً 30 کروڑ روپے ہے۔ ان کے مطابق اس ہیلی کاپٹر کو اداکارہ کے نام کے ابتدائی حروف “جے ایف” کے ساتھ خصوصی انداز میں ڈیزائن بھی کیا گیا ہے تاکہ یہ ان کے لیے ایک منفرد تحفہ ثابت ہو۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ قیمتی تحفہ ان کی ذاتی کمائی سے خریدا گیا ہے اور اس کا مقصد اداکارہ کو فلمی شوٹنگ کے لیے دور دراز مقامات تک آسان اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اپنے خط میں سوکیش نے جذباتی انداز میں لکھا کہ جیل کی سلاخوں کے باعث وہ اداکارہ سے دور ہیں، تاہم ان کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحفہ ان کے جذبات کی علامت ہے اور وہ ہر مشکل کے باوجود جیکولین کو یاد کرتے رہتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سوکیش چندر شیکھر نے اداکارہ کو مہنگے تحائف دینے کا دعویٰ کیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ جیکولین فرنینڈس کو قیمتی تحائف اور جائیداد دینے کے دعوے کر چکے ہیں، تاہم اداکارہ کی جانب سے اس تازہ خط یا مبینہ تحفے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اداکارہ کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر بھی سوکیش چندر شیکھر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے انہیں 25 کروڑ روپے اور 50 ہزار میٹا شیئرز بطور تحفہ دیے تھے۔