کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کوئٹہ اور بارکھان میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 14 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں کارروائی کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس مقابلے کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ کارروائی کے دوران 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مکمل تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔
دوسری جانب بارکھان میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق بارکھان میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے بھی اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔