پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد قائم کی جانے والی فورس کو ختم کر دیا جائے گا اور یہ کسی بھی صورت سیاسی ونگ نہیں ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ احتجاج کے حوالے سے آئندہ حکمت عملی پر غور جاری ہے اور رمضان کے بعد دوبارہ سیاسی سرگرمیوں میں واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر سوچ بچار کی جا رہی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بانی پی ٹی آئی رہائی فورس اسٹریٹ موومنٹ کے تناظر میں قائم کی جائے گی، اور اس میں شامل ہونے کے لیے باقاعدہ رکنیت دی جائے گی جبکہ ارکان سے حلف بھی لیا جائے گا۔ ان کے مطابق کوئی بھی شہری اس فورس کا حصہ بن سکتا ہے، بشرطیکہ وہ طے شدہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرے۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ یہ فورس کسی سیاسی جماعت کا ونگ نہیں ہوگی بلکہ ایک مخصوص مقصد کے تحت قائم کی جا رہی ہے، اور عمران خان کی رہائی کے بعد اسے تحلیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کی بھی نفی کی کہ احتجاج ختم کرنے کے لیے کسی قسم کا بیک ڈور رابطہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے ایک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اس حوالے سے سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔