اسلام آباد: حکومت نے ملک کے بجلی اور گیس کے ٹیرف نظام میں ایک بڑی اور بنیادی تبدیلی کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت موجودہ نظام میں نمایاں اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت بجلی اور گیس کے نرخوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی پر غور کر رہی ہے، اور اس سلسلے میں ایک ایسا نیا سلیب سسٹم متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے جو استعمال کے بجائے صارفین کی آمدن کو بنیاد بنائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سبسڈی کے نظام کو زیادہ منصفانہ اور ہدف کے مطابق بنانا بتایا جا رہا ہے۔
مجوزہ ماڈل کے تحت گھریلو صارفین کو دی جانے والی سبسڈیز کا تعین ان کی آمدن کے مطابق کیا جائے گا، تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اصلاحات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی روشنی میں حتمی شکل دی جا رہی ہیں، جن کا مقصد توانائی کے شعبے میں مالی نظم و ضبط قائم کرنا ہے۔
اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وفاقی حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز میں ردوبدل کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جسے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔