سعودی عرب کی جانب سے اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے اعلان پر ایران نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی عرب میں ایران کے سفیر علیرضا عنایتی نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران سعودی عرب کے اس واضح مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کہ اس کی فضائی، سمندری یا زمینی حدود ایران کے خلاف کسی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائیں گی۔
ایرانی سفیر کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے متعدد بار یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مملکت کی سرزمین یا فضائی حدود اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف استعمال نہیں ہوں گی، جس پر ایران سعودی قیادت کا شکر گزار ہے۔
رپورٹس کے مطابق خطے میں کشیدگی بڑھنے سے قبل بھی سعودی عرب نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کی تھی۔ سعودی حکام نے اس وقت بھی واضح کیا تھا کہ ایران کے خلاف کسی ممکنہ حملے کے لیے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔