واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے، جبکہ پاکستانی سفارتکاروں کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔
برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے تیل پر کنٹرول حاصل کر سکتا ہے اور خارگ جزیرے پر قبضہ بھی ممکن ہے، جس سے خطے کی صورتحال مزید حساس ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے کئی پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے، جس کے بعد وہاں سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی صدر کے مطابق ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے ان جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی، جبکہ اس پیش رفت کو علاقائی سطح پر ایک اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ دونوں سطحوں پر رابطے میں ہے، اور مذاکراتی عمل میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں جلد معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ایک اور بیان میں کہا کہ کیوبا بہت کم عرصے میں ناکام ہو سکتا ہے اور امریکا وہاں مدد کے لیے موجود ہوگا۔
دوسری جانب امریکی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق سیکڑوں امریکی اسپیشل آپریشن فورسز مشرق وسطیٰ پہنچ چکی ہیں، جس سے خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید اہم ہو گئی ہے۔