سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی شریک تھے، جہاں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن اور استحکام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے بھی نیک خواہشات کا پیغام دیا اور موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کے غیر معمولی تحمل کو سراہا، جبکہ حالیہ دنوں میں ولی عہد کے ساتھ اپنی گفتگو کا بھی حوالہ دیا۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، اور امریکا و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے جاری اقدامات سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور خطے کی صورتحال پر سعودی مؤقف سے آگاہ کیا، جبکہ دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بھی ملاقات کی، جہاں انہیں پرتپاک استقبال فراہم کیا گیا اور علاقائی امور پر گفتگو کی گئی۔