کراچی میں رواں سال منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ مریض کو سندھ انفیکشیز ڈیزیز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد ایم پاکس کی باقاعدہ تصدیق ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو ابتدائی علاج کے بعد ایک اور اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی مزید نگرانی اور دیکھ بھال جاری ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق ایم پاکس سے متاثرہ شخص حال ہی میں بیرون ملک سے سفر کر کے واپس آیا تھا، جس کے باعث وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ رواں سال مختلف اسپتالوں میں ایم پاکس کے متعدد مشتبہ کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جن کی جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔