کراچی: سانحہ گل پلازا کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈی جی سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کو نوٹس جاری کر دیا ہے اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد سے متعلق وضاحت طلب کی ہے۔
کمیشن نے سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی سے کراچی میں بلڈنگ اور ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی قانونی مؤقف طلب کیا ہے، تاکہ ذمہ داریوں کا تعین کیا جا سکے۔
تحقیقاتی کمیشن نے استفسار کیا ہے کہ گل پلازا جیسی عمارتوں میں بلڈنگ ریگولیشنز پر عمل درآمد کی ذمہ داری کس ادارے پر عائد ہوتی ہے، اور اس سلسلے میں کن اداروں کا کردار شامل ہے۔
کمیشن نے مزید سوال کیا کہ ایس بی سی اے کا کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز کے نفاذ اور نگرانی میں کیا کردار ہے، اور اس حوالے سے ادارہ کس حد تک ذمہ دار ہے۔
کمیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979 اور دیگر متعلقہ قوانین کی روشنی میں مکمل وضاحت فراہم کی جائے، تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
کمیشن نے تمام متعلقہ جوابات اور دستاویزات یکم اپریل تک کمیشن سیکریٹریٹ میں جمع کروانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔