پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر کھلاڑیوں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا سرگرمیوں سے متعلق نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی سوشل میڈیا پوسٹ شیئر نہیں کریں گے، جبکہ انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کے قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کے مینیجرز کو بھی نئی گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔ پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی سیاسی نوعیت کی پوسٹس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ متنازع یا غیر مجاز پوسٹس کی صورت میں کم از کم ایک کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جس سے کھلاڑیوں کے لیے سخت پیغام دیا گیا ہے۔