پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن کے لیے عالمی برادری آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
پاک فضائیہ نے آج صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی جنگی طیاروں کو تباہ کرکے دو پائلٹوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
اس حوالے سے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو حالات چل رہے ہیں اس کے لیے عالمی برادری کو آگے بڑھنا چاہیے اور دیکھے کہ کس طرح پاک بھارت میں کشیدگی کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے کے امن اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتا، پاکستان کی طرف سے امن کا ہی پیغام ہے۔