اسلام آباد کی مختلف اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے شہریوں سے صبر اور تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی صورتحال کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق شہر کی مختلف سڑکوں پر ڈائیورژنز نافذ کیے گئے ہیں، جن کے تحت زیرو پوائنٹ سے مری کی جانب جانے والی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ایکسپریس وے پر فیض آباد سے مری جانے والی ٹریفک کو زیرو پوائنٹ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔
ایک شہری کے مطابق زیرو پوائنٹ پہنچنے کے بعد ٹریفک کو دوبارہ فیض آباد کی طرف واپس بھیجا جا رہا ہے، جس کے باعث شدید الجھن اور پریشانی پیدا ہو رہی ہے۔ شہری کا کہنا ہے کہ شکر پڑیاں اور چاند تارا روڈ بھی بند ہیں، جس کی وجہ سے وہ گزشتہ تین گھنٹوں سے ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر ملکی وفود کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کو سخت کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق مختلف اوقات میں کلب روڈ، مری روڈ اور ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک کو عارضی طور پر روکا جا رہا ہے تاکہ سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستے تاحال بند ہیں، لہٰذا شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ڈائیورژنز کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔