ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک مضمون شیئر کیا ہے، جس میں ایران کے خلاف ممکنہ بحری ناکہ بندی جیسے اقدامات پر غور کیے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے، اور اس حوالے سے مستقبل کی حکمت عملی پر بھی اشارہ کیا گیا ہے۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران امریکا کی جانب سے پیش کی گئی حتمی شرائط کو قبول نہیں کرتا تو واشنگٹن ایران کی معیشت پر مزید دباؤ ڈالنے کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی جیسے سخت اقدامات پر سنجیدگی سے غور کر سکتا ہے، تاکہ ایران کو مذاکراتی شرائط ماننے پر مجبور کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے اختتام پذیر ہوئے ہیں، جس کے بعد امریکی وفد فوری طور پر واپس روانہ ہو گیا، جبکہ اس پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔