وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جھوٹی گواہی دینے والوں کو سزا دینے سے متعلق چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کا بیان خوش آئند ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سچ کا سفر ہی نئے پاکستان کا سفر ہے، قومیں عظیم تب بنتی ہیں جب ان کی اقدار اعلیٰ ہوں۔
جھوٹے گواہوں کو سزا دینے کے حوالے سے چیف جسٹس کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ سچائی کے رخ پر پیش قدمی ہی نئے پاکستان کی جانب سفر ہے۔ قومیں بلند اقدار کے بل بوتے پر ہی عظمت پاتی ہیں۔ تہذیبِ اسلامی جس میں صداقت کو مرکزی حیثیت حاصل تھی، کی بنیادیں ریاست مدینہ میں اٹھائی گئیں.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 5, 2019
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم تہذیب کی بنیاد ریاست مدینہ تھی جو سچ پر رکھی گئی ہے۔
گواہوں کو خبر ہوجائے، بیان کا کچھ حصہ بھی جھوٹ ہوا تو سارا بیان مسترد ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ جھوٹی گواہی پر عمر قید ہوتی ہے، آج 4 مارچ 2019 سے سچ کا سفر شروع کررہے ہیں، تمام گواہوں کو خبر ہوجائے، بیان کا کچھ حصہ جھوٹ ہوا تو سارا بیان مسترد ہوگا، آج سے جھوٹی گواہی کاخاتمہ کررہے ہیں، اس جھوٹے گواہ سے آغاز کررہے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان کا مزید کہنا تھا جھوٹی گواہیوں نے نظام عدل کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، باپ بھائی بن کر حلف پر جھوٹ بولتے ہیں۔