کراچی:بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ 15 مارچ تک محفوظ کرلیا
کراچی کی بینکنگ کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے رقم بیرون ملک منتقل کرنے کے کیس کی سماعت شروع ہوئی تو اس موقع پر مقدمے میں نامزد ملزمان حسین لوائی، عبدالغنی مجید، نمر مجید، ذوالقرنین مجید اور دیگر کو بھی پیش کیا گیا۔
فریال تالپور بھی عدالت میں پیش ہوئیں تاہم آصف زرداری پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے نیب کی جانب سے مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی مخالفت کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ یہ وفاقی عدالت ہے صوبائی عدالت نہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر ہی 16 ریفرنس بنائے جارہے ہیں، اس لیے کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔