پنجاب اسمبلی سے تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی تنخواہ وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی کم ہوگئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی بنیادی تنخواہ 107280 روپے ہے، وزیراعظم کو مہمانداری الاونس 50 ہزار، ایڈہاک ریلیف الاونس 21456 روپے جب کہ ایڈ ہاک الاؤنس 12110 روپے ملتا ہے جب کہ وزیراعظم کی تنخواہ پر 4595 روپے ٹیکس کٹوتی کی جاتی ہے، سیلری سلپ کے مطابق وزیراعظم کو کٹوتی کے بعد 196979 روپے تنخواہ ملتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تنخواہ وزیراعظم عمران خان کے مقابلے میں ذیادہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تنخواہ تین لاکھ پچاس ہزار روپے ہے جب کہ پنجاب کے ایک رکن اسمبلی کی تنخواہ تقریباً دولاکھ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے بل کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی تنخواہ اور مراعات 59 ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کردی گئی ہے جب کہ وزراء کی تنخواہیں 45 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 85 ہزار روپے کردی گئی ہیں۔