1965 کی جنگ میں ایک منٹ سے کم وقت میں دشمن ملک بھارت کے 5 طیاروں کو زمین بوس کرنے والے قومی ہیرو ایم ایم عالم کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے۔
ستمبر 1965 کی جنگ میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا لیکن جو اعزاز پاک فضائیہ کے محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) کے حصہ میں آیا وہ دنیا کی تاریخ میں کسی کو نصیب نہیں ہوا۔
ایم ایم عالم نے سرگودھا کے محاذ پر ایک منٹ میں بھارت کے 5 طیارے مار گرا کر عالمی ریکارڈ بنایا۔ ان کو 2 ستارہ جرات بھی عطا کیا گیا۔
ایم ایم عالم نے ایک ہی وقت میں جن 5 بھارتی ہنٹر طیاروں کو خاک چٹائی وہ ایم ایم عالم کے اپنے جنگی جہاز سیبر 86 سے کئی گنا زیادہ برق رفتار اور جنگی صلاحیتوں کے حامل تھے، ان ہی غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں پر انھیں فالکن اور لٹل ڈریگن جیسے القابات سے نوازا گیا۔
ایم ایم عالم نے 65ء کی جنگ میں مختلف محاذوں پر کل 11 بھارتی طیاروں کو تباہی سے دوچار کیا جن میں 9 مکمل طور پر تباہ جبکہ 2 کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔
6 جولائی 1935 کو برصغیر کے شہر کلکتہ میں پیدا ہونے والے ایم ایم عالم نے 1952 میں پاکستان ائیر فورس میں کمیشن حاصل کیا۔ ایم ایم عالم 1982 میں ائیر کموڈور کے عہدے پر ریٹائر ہوئے اور 18 مارچ 2013 کو 78 برس کی عمر میں دنیا کو خیرباد کہہ گئے۔
جنگی طیارے ایف 86 سے ناممکن کو ممکن بنانے والے ایم ایم عالم کو وطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ’ستارہ جرات‘ سے نوازا گیا۔ لاہور میں ایک روڈ بھی قومی ہیرو ایم ایم عالم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔