ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیرمحمد کے اعزازمیں سرکاری تقریب کاانعقاد کیا گیا، اس سلسلے میں ڈاکٹرمہاتیرمحمد وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہم منصب کااستقبال کیا۔
مہاتیرمحمد کے اعزازمیں گارڈآف آنر پیش کیا گیا اور وزیراعظم ہاؤس میں دونوں ممالک کےقومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئی، جس کے بعد ملائیشیا کے وزیراعظم نے گارڈآف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نےوفاقی وزراء اور سرکاری حکام سےمعزز مہمان کا تعارف کرایا جبکہ عمران خان کا بھی ملائیشیا کے وفد سے تعارف کرایا گیا، جس کے بعد ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا۔
وزیراعظم عمران خان کی ملائیشین ہم منصب سے ون آن ون ملاقات ہوگی اور وفودکی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے جس میں معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے.
صدرمملکت عارف علوی آج ملائیشین وزیر اعظم کےاعزاز میں اعشائیہ دیں گے۔صدر مملکت عارف علوی ملائیشین وزیراعظم کو “نشان پاکستان” ایوارڈ پیش کریں گے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیرمحمدیوم پاکستان کی تقریب میں کل بطورمہمان خصوصی شرکت کریں گے۔