لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مکان میں موجود 4 دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سیکریٹری داخلہ بلوچستان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لورالائی کے علاقے ناصر آباد میں ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا تو اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مکان میں موجود چاروں دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔
اے ایس پی لورالائی کے مطابق خود کو دھماکے سے اڑانے والوں میں خاتون بھی شامل ہے، دھماکے سے ساتھ واقع گھر کی دیوار گرگئی جس سے ملبے تلے دب کر 4 افراد زخمی ہوگئے۔
اے ایس پی نے بتایا کہ آپریشن میں سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں آپریشن مکمل کرلیا گیا جس کے بعد کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔