بھارت نے کرتار پورراہداری پر 2 اپریل کو مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان مزاکرات سے قبل ماہرین کی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلایا جائے۔
بھارت اپنے ملک کے سکھوں کے مذہبی جذبات کے ساتھ کھیلنے لگا، پاکستان نے کرتارپور راہداری کھولنے کی بات کا وعدہ تو نبھادیا لیکن بھارت اب پیچھے ہٹنے کی کوشش کرتے ہوئے کرتارپور راہداری پر بلیک میلنگ شروع کردی۔ بھارت نے 2 اپریل کو طے شدہ مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان مزاکرات سے قبل ماہرین کی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلایا جائے جب کہ پاکستان کا جواب آنے کے بعد مذاکرات کے اگلے دور کے بارے میں بتائیں گے۔
خیال رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام گردوارہ دربار صاحب کرتارپور راہداری کھولنے کےلیے مذاکرات 2 اپریل کو واہگہ بارڈرپر ہونا ہیں جس کے لیے بھارت کی برعکس پاکستان نے بھارتی میڈیا کو مذاکرات کی کوریج کی اجازت دے دی ہے۔ جبکہ 14 مارچ کو بھارت کے اٹاری بارڈر پر ہونے والے مذاکرات کی کوریج کے لیے بھارت نے پاکستانی صحافیوں کو ویزے دینے سے انکارکردیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی صحافی مذاکرات کی کوریج کے لیے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کریں۔ 2 اپریل کو واہگہ میں کرتارپور میٹنگ کے لئے بھارتی میڈیا کا خیرمقدم کرتے ہیں اور بھارتی میڈیا اجلاس کی کوریج کے لئے پاکستان آسکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی صحافی ویزے کے لئے پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں درخواست دے سکتے ہیں۔