سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات نقل مافیا کے سائے تلے جاری ہیں،وقت سے پہلے پرچے تو آؤٹ ہوتے ہی تھے اب یہ پرچے سوشل میڈیا پر بھی باآسانی دستیاب ہیں،انتظامیہ مستقبل کے معماروں کو چھپائی کے ناسور سے بچانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات میں نقل مافیا سرگرم ہے، آج بھی گھوٹکی اور پنو عاقل میں سکھر بورڈ کے زیر انتظام دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ وقت سے پہلے واٹس ایپ پر آیا، جبکہ لاڑکانہ بورڈ کے زیر اہتمام آسان اردو کا پرچہ جیکب آباد میں قبل ازوقت آؤٹ ہوا۔
یہی نہیں عمرکوٹ میں نویں جماعت کا کمیسٹری کا پرچہ جیسے ہی وقت سے پہلے سوشل میڈیا پر آیا تو نقل مافیا نے پرچے حل کرکے واٹس ایپ پر وائرل کیا۔
دوسری جانب میٹرک کے امتحانات میں ایک انوکھا امتحانی سینٹر سامنے آیا ہے، جہاں طلبہ پنکھے کے بغیر امتحانات دینے میں مصروف تھے، اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین بھی وہاں پہنچ گئے، امتحانی سینٹر میں موبائل فون کا آذادانہ استعمال جاری تھا. جس پر چیئرمین میٹرک بورڈ نے سینٹر سپریڈنٹ اور اساتذہ کو معطل کر دیا، ساتھ ہی میڈیا کو بتایا کہ معطل اساتذہ آئندہ کبھی بھی امتحانات میں انویجیلیشن نہیں کر پائے گے اور ان کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔