وزیراعظم سیکریٹریٹ کے چھٹے فلور پر واقع کمرے میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے چھٹے فلور پر کیبنٹ بلاک کے برابر میں واقع کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی بروقت نشاندہی پر کمرے میں موجود اسٹاف نے فوری طور پر کمرہ خالی کردیا۔
آتشزدگی کے واقعے کے فوری بعد وزیراعظم سیکریٹریٹ کو عملے سے خالی کرانے کا عمل شروع کردیا گیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے وزیراعظم آفس کے فائر سسٹم سے مدد لی گئی۔
اس کے علاوہ واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچ گئیں اور کم وقت میں ہی آگ پر قابو پالیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کیبنٹ بلاک کے کمرے کی انڈر گراؤنڈ وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے باعث آتشزدگی ہوئی، اس کمرے میں کیبنٹ اجلاس کے حوالے سے ڈاکیومینٹیشن کی جاتی ہے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ آگ کے باعث کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جس وقت آگ لگی اس وقت وزیراعظم عمران خان میٹنگ روم میں میٹنگ کررہے تھے، آگ کی اطلاع پر بھی وزیراعظم نے میٹنگ جاری رکھی جس پر دوبارہ وزیراعظم کو اطلاع دی گئی کہ دھواں پھیل رہا ہے عمارت سے نکلنا ہوگا۔
دوبارہ اطلاع پر وزیراعظم نےکہا پہلے اسٹاف کوعمارت سےنکالیں پھر میں نکلوں گا۔