بھارتی الیکشن کمیشن نے نریندرا مودی کی زندگی پر بننے والی فلم کو انتخابی عمل مکمل ہونے تک ریلیز کرنے سے روک دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے مودی کی زندگی پر بننے والی فلم کو انتخابی نتائج میں اثر انداز ہونے کے امکان کے پیش نظر فلم کی نمائش کو روکنے کا حکم دیا ہے۔ فلم ’ پی ایم نریندرا مودی‘ کی نمائش کل سے ہونا تھی۔
الیکشن کمیشن نے فلم کی نمائش بھارت میں جاری لوک سبھا کے انتخابات کے مکمل ہونے تک عائد کی ہے، الیکشن کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد فلم کو ریلیز کیا جا سکے گا۔ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات جمعرات 11 اپریل سے شروع ہورہے ہیں اور آئندہ ماہ مئی تک جاری رہیں گے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ نے کانگریس کے ایک رکن کی مودی کی زندگی پر بننے والی فلم کی نمائش روکنے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس فلم کو ابھی تک سنسر بورڈ نے سرٹیفیکٹ نہ دیا اس پر وقت ضائع کرنے سے کیا فائدہ حاصل ہوگا، فلم کی نمائش کو الیکشن کمیشن روک سکتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعطم نریندرا مودی کی سیاسی زندگی پر ڈائریکٹر امنگ کمار نے فلم ’ پی ایم نریندرا مودی‘ بنائی ہے، جس میں مودی کا کردار بالی ووڈ اسٹار وویک اوبرائے نے ادا کیا ہے جب کہ زرینہ وہاب، منوج جوشی اور بومن ایرانی بھی فلم کاسٹ میں شامل ہیں۔