وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرا سیاسی تجزیہ ہے 30 جون سے پہلے پہلے سارے چور جیل کے اندر ہوں گے۔
حسن ابدال میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسٹیشن کے اطراف میں تجاوزات کو 15 مارچ تک ختم کر دیا جائے گا، 15 تاریخ کو میں خود سردار مہمانوں کو خوش آمدید کہوں گا جب کہ اگلے سال تک یہ ایک تاریخی اسٹیشن ہوگا آج میں انتظامات دیکھنے آیا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرا سیاسی تجزیہ ہے 30 جون سے پہلے پہلے سارے چور جیل کے اندر ہوں گے، جنگ آگئی تھی اس لیے سارے چور تاخیر سے اندر جائیں گے، بظاہر تو (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے پیغام دیا کہ بات نہیں مانی تاہم اندر سے دونوں ملے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ 15 تاریخ کو کمپنی کا نام بتاؤں گا جس نے آصف زرداری کی منی لانڈرنگ کی وہی شہباز شریف کی بھی کر رہی ہے، میرے موکل بہت تیز ہیں سوچ رہا ہوں تعویزات کا کام کروں۔ انہوں نے کہا کہ 7،8 سال سے میں نے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے اور عمران خان مجھ سے زیادہ سچا ہے، آصف زرداری اچھے آدمی ہیں، پیسے دے دیں گے لیکن (ن) لیگ تو کفن میں جیب لگوا کر ساتھ لے کر جائی گی۔