خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں جب کہ پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے جب کہ سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) اور بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، قلات ڈویژن میں کہیں کہیں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بدھ کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی سندھ کے علاقے مٹھی 44 ڈگری سینٹی گریڈ، میر پور خاص، شہید بے نظیر آباد 43 ڈگری سینٹی گریڈ، ٹنڈوجام، حیدر آباد، سکرنڈ 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جب کہ بلوچستان، پنجاب کے مختلف علاقوں اور کشمیر سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش ہوئی۔