نیلم منیر اورسمیع خان کی فلم ’رانگ نمبر2‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔
2015 میں ریلیز ہوئی رومینٹک کامیڈی فلم ’رانگ نمبر‘ سیریز کا دوسرا سیکوئل ’رانگ نمبر2‘ کا ٹیزرجاری کردیاگیا۔ ٹیزر کو دیکھ کر کہانی کا اندازہ کرنا تو مشکل ہے لیکن اس بار بھی یاسر نواز نے فلم میں کامیڈی کا تڑکہ لگایا ہے جو یقیناً لوگوں کو بہت پسند آئے گا۔
فلم کے سیکوئل میں بھی پہلی فلم کی طرح اداکار جاوید شیخ اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے لیکن اس بار مرکزی اداکاروں میں دانش تیمور اور سوہائے علی ابڑو کی جگہ نیلم منیر اور سمیع خان کی فریش جوڑی کو کاسٹ کیا گیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں یاسر نواز، ان کے بھائی دانش نواز، ثنا فخر، نیر اعجاز، شفقت چیمہ اور محمود اسلم شامل ہیں۔
فلم میں نیلم منیر ہمیشہ کی طرح بہت خوبصورت نظر آرہی ہیں جب کہ سمیع خان کے ساتھ ان کی جوڑی شائقین کو بے حد پسند آئے گی۔ ’رانگ نمبر2‘کی ہدایات یاسر نواز نے دی ہیں اور حسن ضیا نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔
ہنسی اور قہقہوں سے بھر پور فلم ’رانگ نمبر2‘ رواں سال فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اور مہوش حیات کی ’چھلاوا‘ کے ساتھ عید الفطر کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔