مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وزارت خزانہ کا چارج سنبھال لیا۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کراچی سے اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ریونیو اور اقتصادی امور کی وزارتیں بھی دیکھیں گے جب کہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
اس کے علاوہ عبدالحفیظ شیخ آج وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نئے مشیر خزانہ کو پی ٹی آئی منشور، اقتصادی پالیسی اور روڈ میپ پر ہدایات دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بجٹ 20-2019 متعلق اپنا وژن اور پلان بھی مشیر خزانہ کو بتائیں گے، اس کے علاوہ ملاقات میں آئی ایم ایف مذاکرات اپ ڈیٹ اور پاکستان کے مؤقف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب صدر مملکت نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا ہے اور وہ گزشتہ رات اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
کراچی روانگی سے قبل اسد عمر کا پی ٹی آئی اسلام آباد کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباد سے تعلق نہیں توڑ رہا، بطور ایم این اے آنا جانا لگا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جتنا ضروری ہوا اسلام آباد آؤں گا، باقی وقت کراچی میں رہوں گا، وزارت چھوڑنے پر پریشانی نہیں پُرسکون ہوں۔