وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس آج بنی گالہ میں طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس شام چار بجے بنی گالہ اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پارٹی رہنماؤں کو حالیہ کابینہ تبدیلیوں پر اعتماد میں لیا جائےگا، اجلاس میں اسد عمر کے استعٰفی کے بعد اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقید کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا جبکہ اجلاس میں وزیراعظم آئندہ کیلئے پارٹی پالیسی واضح کریں گے۔
گذشتہ روز صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک اچھا کپتان مسلسل اپنی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہے، کئی مرتبہ کپتان پرانے کھلاڑی کی جگہ نیا کھلاڑی لاتا ہے، کپتان کا صرف ایک مقصد ہوتا ہے اپنی ٹیم کو جتوائے۔ میں نے اپنی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر بدلا ہے آئندہ بھی بدلوں گا۔ سارے وزیروں کو کہتا ہوں انہیں سامنے لاؤں گا جو فائدہ مند ہوں، وزیر اعلیٰ محمود خان کو کہتا ہوں اپنی ٹیم پر خصوصی نظر رکھیں۔