ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگئی۔
آئندہ ماہ انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم لاہور سے بیرون ملک کے لیے روانہ ہو گئی، قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو کینٹ کائونٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغازکرے گی، 3 پریکٹس میچزکے بعد 5 مئی کو انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا، پھر 5 ون ڈے میچزکی سیریز ہوگی۔ ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا جب کہ ہر ٹیم سیمی فائنل سے پہلے 9، 9 میچ کھیلے گی۔
اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہماری تیاری مکمل ہے اور دورہ انگلینڈ کے دوران ورلڈ کپ کی تیاری کا مزید موقع ملے گا میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ورلڈ کپ کا ہر کھلاڑی گراؤنڈ میں 100 فیصد پرفارمنس دکھانے کی پوری کوشش کرے گا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان نے پوری ٹیم کو وزیر اعظم ہاؤس بلا کر بہت عزت دی ہے جس پر ہم سب ان کے مشکور ہیں، وزیر اعظم کے مدعو کرنے سے ٹیم کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان کا مورال بلند ہوا ہے، وزیر اعظم نے ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا اور کہا کہ نتائج جو بھی ہو ہار جیت کا خوف نکال کردلیری سے کھیلو، ہم آپ کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔ سرفراز احمد نے کہاکہ بطور کپتان میری بھی خواہش ہے کہ عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں اور ملک کا نام روشن کروں۔
واضح رہے کہ شاداب خان کی بیماری کی وجہ سے یاسرشاہ کوٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد عامر اور آصف علی کے لیے بھی انگلینڈ کی سیریز نہایت اہم ہوگی۔