وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نئی تشکیل شدہ وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا ہے،اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے،جس میں وزیراعظم عمران خان کابینہ کو اپنے دورہ ایران سے آگاہ کریں گے، اجلاس میں کابینہ، داخلہ، سیکیورٹی اور اقتصادی صورتحال کے جائزے سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر ممبر فنانس کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی جبکہ سعودی فنڈ برائے ترقی کے منصوبوں کیلئے ٹیکس چھوٹ پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کابینہ کو ملک کے موجودہ تعلیمی نظام میں تبدیلی پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں رحم کی اپیلوں میں تاخیر اور کمزوریوں کو دور کرنے کی منظوری دی جائے گی جبکہ بینکنگ کورٹ ون پشاور کے جج کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا اسکے علاوہ اپلیٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو کیلئے جوڈیشل ممبر کی تعیناتی کی جائے گی۔