انسداد پولیو مہم کی ٹیموں پرحملوں میں پولیس اہلکارشہید جب کہ ایک کارکن شدید زخمی ہوگیا۔
بنوں کے تھانہ ڈومیل میں تعینات اے ایس آئی عمران پولیومہم کے دوران رضاکاروں کی سیکیورٹی کی ڈیوٹی کے لیے جارہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ واقعے کے نتیجے میں اے ایس آئی عمران موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
دوسری جانب لاہورمیں عامر روڈ کے علاقے بھمبے جھگیاں میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے رضاکار لقمان کو عبداللہ نامی شخص نے چھریوں کے وار کرکے زخمی کردیا۔ اہل علاقہ نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاورکے علاقے ماشو خیل میں بچوں کی حالت غیر ہوجانے کی افواہیں پھیلائی گئی تھیں۔