بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ایک خاتون پولیو ورکر جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق چمن کے علاقے سلطان زئی میں موٹرسائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون پولیو ورکر نسرین جاں بحق ہوگئی جب کہ 24 سالہ راشدہ شدید زخمی ہوئی جسے فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کےمطابق واقعے کے بعد سلطان زئی کے علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔