سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 7 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرلیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے نیب کو باقاعدہ ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں بھیجے گئے تمام نام ای سی ایل میں ڈالنے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے خط میں بتایا گیا ہے کہ احتساب بیورو کی درخواست پر 7 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں جن میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، (ن) لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے نام بھی شامل ہیں۔
ای سی ایل میں مزید جن افراد کے نام ڈالے گئے ہیں ان میں چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل، سابق ایم ڈی پی ایس اوعمران الحق، مبین صولت، شاہداسلام الدین اورعامر نسیم بھی شامل ہیں۔
واضح رہےکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے خلاف نیب ایل این جی کیس کی تحقیقات کررہا ہے، اس سلسلے میں شاہد خاقان کئی مرتبہ نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں جب کہ مفتاح اسماعیل نے عدالت سے عبوری ضمانت بھی حاصل کررکھی ہے۔