سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں آج پہلا روزہ ہے ۔ بھارت کے کچھ علاقوں میں بھی آج پہلا روزہ ہے ۔ روزے کا سب سے طویل دورانیہ روس کے شہر مرمانسک میں اکیس گھنٹے پندرہ منٹ کا ہو گا ۔
دنیا کے اکثر علاقوں میں آج یکم رمضان ہے ۔سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عراق، یمن اور قطر میں پہلا روزہ ہے ۔افغانستان، تاجکستان اور قازقستان میں بھی مسلمان رمضان کی برکتیں سمیٹ رہے ہیں ۔
مشرقی ایشیائی ممالک انڈونیشیا، ملائیشا، ہانگ کانگ، جاپان اور تھائی لینڈ میں بھی آج پہلا روزہ ہے ۔بھارت اور بنگلہ دیش میں پہلا روزہ منگل کو ہو گا تاہم بھارت کے کچھ علاقوں میں آج پہلا روزہ ہے ۔
امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا میں بھی رمضان کا مہینہ شروع ہو چکا ہے ۔تاہم یہاں رہنے والی چند کمیونیٹز کل پہلا روزہ رکھیں گی ۔
اس بار بھی دنیا میں سب سے طویل روزہ روس کے شہر مرمانسک میں رکھا جائے گا جہاں روزے کادورانیہ 21 گھنٹے 15 منٹ ہو گا۔
11 گھنٹے کے ساتھ ارجنٹینا کے شہر اوشوالا میں سب سے کم دورانیے کے روزے رکھے جائیں گے ۔
پاکستان میں روزوں کا دورانیہ 15 گھنٹے سے زائد ہو گا۔
آئس لینڈ میں روزے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 19 گھنٹے 26 منٹ، ناروے میں 18 گھنٹے 43 منٹ، اسکاٹ لینڈ میں 18 گھنٹے 14 منٹ اور ایران میں 15 گھنٹے 26 منٹ کا ہو گا ۔
سعودی عرب میں 14 گھنٹے 37 منٹ، برطانیہ میں 17 گھنٹے 51 منٹ اور بھارت میں روزے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 14 گھنٹے 51 منٹ ہو گا ۔
پاکستان میں گزشتہ روز رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے وفاق اور تمام صوبوں میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوئے۔ مرکزی کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کی۔
کمیٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی حصے سے رویت کی شہادت وصول نہیں ہوئی لہذا پاکستان میں پہلا روزہ 7 مئی 2019 بروز منگل کو ہوگا۔