سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تا حیات قائد نواز شریف ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوگئے ہیں۔
نواز شریف قافلے کی صورت میں جاتی امرا سے کوٹ لکھ پت جیل پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز تھیں جب کہ ان کی گاڑی حمزہ شہباز چلارہے تھے۔ نواز شریف کے قافلے میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے جیل منتقلی سے قبل کارکنوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے والہانہ جذبے کا اظہار کیا ہے، ان کا جذبہ اور دعائیں رنگ لائیں گی، ظلم کی یہ رات ختم ہوگی اور جیل کی کال کوٹھری سے مجھے نجات ملے گی، کارکن جانتے ہیں کہ مجھے کس گناہ کی سزا دی جارہی ہے۔
نواز شریف نے جیل جانے سے قبل اپنے اہل خانہ اور سیاسی رفقا کے ہمراہ افطار کیا، اس سلسلے میں جاتی امرا میں نواز شریف کی پسندیدہ کھانے تیار کئے گئے، افطار کے دسترخوان پر کھجوریں، پلاؤ، سفید چاول اور قورمہ خصوصی طور پر رکھا گیا۔
جاتی امرا کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان تباہی کے راستے پر ہیں، انہیں اگر یہ منظور ہے تو چلتے رہیں، نواز شریف کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اب بھی نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر قائم ہیں۔