کراچی سے لاپتہ شہری کی بیوی نے اپنے شوہر کی عدم بازیابی پر خودکشی کی دھمکی دے دی ہے جبکہ عدالت نے شہری کی گمشدگی پر پولیس اور دیگر اداروں سے 8 اگست تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں چار سال قبل کراچی سے لاپتہ ہونے والے شہری عادل باڑا کی گمشدگی کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر لاپتہ شہری کے اہل خانہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
جہاں اہل خانہ نے عدالت میں بتایا کہ عادل باڑا چار سال سے غائب ہے، اور اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھر سے اٹھایا تھا، اس موقع پر عادل باڑا کی بیوی نے جذباتی ہوتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے خودکشی کا اعلان کیا تھا، مگر احترام رمضان میں ارادہ ملتوی کردیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے دھمکی دے کہ آئندہ سماعت تک ان کے شوہر کو بازیاب نہیں کرایا گیا، تو عدالت میں خود سوزی کرینگی۔
اس موقع پر لاپتہ شہری کی غمزدہ والدہ نے کہا کہ اگر ان کے بیٹے کو ماردیا گیا ہے، تو اس کی لاش ہی دکھا دیں۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 8 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس اور دیگر اداروں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔