داتا دربار خود کش حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد شہداء کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
لاہور میں داتا دربار میں ہونے والے خودکش حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق مدثر کی موت خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی، مدثر لوہاری گیٹ کا رہائشی تھا جب کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر خودکش حملے کی تحقیقات میں نیا موڑ آگیا ہے۔ داتا گنج بخش کے مزار کے باہر خود کش حملہ آور فوٹیج میں نظر آنے والا نوجوان ہی ہے یا کوئی اور؟ اسکی شناخت معمہ بن گئی ہے۔ تفتیشی اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیج پر بھی سوالات اٹھا دیےہیں۔
تفتیشی اداروں کی طرف سے فوٹیج کے بغورجائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکہ مبینہ خود کش بمبار کی مخالف سمت میں ہوا۔ اس لیے ابھی تک یہ طے نہیں کیا جاسکا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دینے والا نوجوان ہی خود کش حملہ آور ہے یا کوئی اور ؟
واضح رہے کہ 2 روز قبل لاہور میں داتا دربار کے قریب پولیس کی گاڑی کے نزدیک خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید ہوگئے تھے تاہم دھماکے میں زخمی ہونے والا مزید ایک اہلکار گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔