اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات برائے 2019 کا دوسرا مرحلہ پیر 13مئی سے شروع ہورہا ہے جس میں تقریباً 43 ہزار طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔
31مئی تک جاری رہنے والے ان امتحانات میں آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات لیے جائیں گے، رمضان المبارک کی وجہ سے طلباکی سہولت کے لیے تمام پرچے صبح کی شفٹ میں صبح 8:30 سے 11:30تک لیے جائیں گے، 60 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
چیئرمین بورڈ پروفیسر انعام احمد نے بتایا ہے کہ اساتذہ، طلبا اور والدین کسی بھی شکایت کی صورت میں کمشنر سیل اور انٹر بورڈ آفس مانیٹرنگ سیل نمبر 99260235 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ نقل روکنے کے لیے بورڈ کی جانب سے ویجی لینس کمیٹی کے قیام کے ساتھ سینئر اساتذہ پر مشتمل 3 سپر ویجی لینس ٹیمیں اور ویجی لینس ٹیمیں بھی بنائی ہیں جب کہ امتحانات کے دوران مشتبہ واٹس ایپ گروپس پر نظر رکھنے کیلیے ایف آئی اے کے سائبر ونگ کو بھی خط لکھ دیا ہے۔
طلبا اپنے ایڈمٹ کارڈز پر دیے گئے GPS نمبر کو .google.com پر درج کر کے اپنے امتحانی مرکز کی درست لوکیشن اور سمت معلوم کر سکتے ہیں۔