مالیاتی معاملات پر بریفنگ کیلئے وزیراعظم نے اہم اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر وزیراعظم نے پیر کو مالیاتی امور اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی ایم ایف سے مذاکرات اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا معاملہ زیر غور آئے گا، جبکہ مالیاتی امور پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔ بریفنگ میں کابینہ اور پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی شریک ہوں گے، جبکہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ سمیت حکومتی معاشی ٹیم کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے پارٹی ارکان اسمبلی اور وفاقی وزراء کو بریفنگ میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بریفنگ کا اہتمام وزیراعظم آفس کے آڈیٹوریم میں کیا جائے گا۔ وزیراعظم افراط زر کے معاملے پر نرم شرائط چاہتے ہیں، جبکہ انہوں نے ٹیکس وصولی کے ہدف میں کمی کیلئے بھی آئی ایم ایف کو راضی کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
وزارت خزانہ زرائع کے مطابق ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے مقررہ ہدف اوراخراجات سے متعلق معاملات طے نہیں پائے، جس کے لئے آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مزید بات چیت کی جارہی ہے جبکہ روپے کی قدر اور شرح سود پر بھی عالمی مالیاتی ادارے نے سخت موقف اپنایا ہوا ہے، چند اخراجات پر بھی عالمی مالیاتی ادارے نے اعتراضات آٹھائے ہیں۔