بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی صحت اچانک بگڑنے کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے باعث سیاسی اور عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق میڈیکل بورڈ نے بتایا ہے کہ خالدہ ضیاء سانس کی شدید تکلیف کے ساتھ ساتھ دیگر طبی پیچیدگیوں میں بھی مبتلا ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے نظامِ تنفس کی حالت تشویشناک ہو چکی ہے، جس کے باعث فوری طور پر وینٹی لیٹر سپورٹ فراہم کرنا ضروری ہو گیا۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق سابق وزیراعظم کے پھیپھڑوں اور دل کے افعال متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ دیگر اعضاء کو بھی اضافی طبی معاونت درکار ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ ان کی حالت پر مسلسل نگرانی رکھی جا سکے۔
بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیاء 23 نومبر سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جہاں انہیں دل اور پھیپھڑوں میں انفیکشن کی شکایت پر داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور آئندہ چند دن ان کی صحت کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔