احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ برادران پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 18 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی جس سلسلے میں نیب ٹیم نے دونوں ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو ریفرنس کی نقول فراہم کردیں اور خواجہ برادران پر فرد جرم کے لیے 18 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔
آئندہ سماعت پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
واضح رہےکہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منسوخی کےبعد خواجہ برادران کو عدالت سے ہی گرفتار کیا تھا۔