بالی ووڈ میں شادیوں کا سیزن پورے عروج پر ہے اور اداکارہ دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کی شادی کے بعد اب نامور کامیڈین کپل شرما کی شادی کا آغاز ہوگیا۔
2018 کو بالی ووڈ میں شادیوں کا سال کہاجائے تو غلط نہ ہوگا گزشتہ ماہ اداکارہ دپیکا پڈوکون اورررنویر سنگھ اپنی شاہی شادی کی وجہ سے میڈیا پر چھائے رہے، ان کی شادی کا اختتام بھی نہیں ہوا تھا کہ پریانکا چوپڑا اورنک جونز کی شادی کی شہنائی بج گئی۔ ابھی پریانکا اورنک کے استقبالیے کی تقریب بھی نہیں ہوئی کہ بھارت کے مقبول ترین کامیڈین کپل شرما اور گینی چھاتراتھ کی شادی کا آغاز ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دو روز قبل کپل کی ہونے والی دلہن گینی کے گھر سکھ مذہبی رسوم کے مطابق ’اکھنڈ پاتھ‘ کی رسم اداکی گئی اس رسم کے ساتھ باقاعدہ شادی کا آغاز ہوگیا۔ گینی اس رسم کے دوران جامنی اور سنہری رنگ کے لہنگے میں نہایت خوبصورت نظر آئیں۔ رسم کے دوران لی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
واضح رہے کہ کپل شرما اور گینی چھاتراتھ رواں ماہ 12 دسمبر کو جالندھر میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے جب کہ دونوں کے استقبالیے کی تقریب ممبئی میں 14 دسمبر کو منعقد کی جائے گی جس میں تمام بالی ووڈ اسٹارز شرکت کریں گے۔