وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے زریعے ظلم و ستم کر رہا ہے آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہو گا، بھارتی رہنما اپنے سیاسی عزائم کے لیے بین الاقوامی تنازعات پر گفتگو سے پرہیز کریں۔
دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایشیاء پیسفک میں ہونے والی گروپ بندی کو دیکھ رہا ہے دنیا کو بھارت کے ہمسایہ ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا دیکھنا چاہیے۔