اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت بھی شریک ہوگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت آج دن اڑھائی بجے شروع ہونے والا ان کیمرا اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں دفاع داخلہ خارجہ کے وفاقی سیکرٹریوں کے علاؤہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم اور صوبائی چیف سیکرٹریز اور آئی جی صاحبان بھی شرکت کریں گے۔
اعلی عسکری قیادت اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر بریفنگ دے گی۔
کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں پر بھی شرکا کو اعتماد میں کیا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بعد ازاں ایوان کو بتایا کہ آج قومی سلامتی بارے ہونے والے اجلاس میں اراکین کے وزیر ستان آپریشن سے متعلق تمام تحفظات کا جواب دیا جائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ مشرف دور سے حالات خراب ہیں، امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے لئے آج بریفنگ دی جارہی ہے، سابق دور میں عمران خان حکومت نے کئی جنگجووں کو افغانستان سے پاکستان آنے کی اجازت دی جس سے حالات خراب ہوئے۔